پنڈی(مانند نیوز)پاک فوج نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات اور نجی املاک کے توڑ پھوڑ میں ملوث ملزمان کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ سمیت پاکستان کے متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی ہوگی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس کے شرکا نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف لڑتے ہوئے اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔شرکا نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی ملک میں کامیاب انسداد دہشت گردی اور خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائیوں کو سراہا، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں فوج کی جانب سے بھرپور جواب دینے اور بہادر جوانوں کی جانب سے قربانی دینے پر خراج عقیدت پیش کی گئی۔