راولپنڈی(مانند نیوز ڈیسک)شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے 25مئی کو "یوم تکریم شہداء پاکستان”منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے۔ ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی۔ افواج پاکستان، پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یادگار شہداء پر سلامی دی جائے گی۔ جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو)کی یادگار شہداء پر مرکزی تقریب منعقد ہو گی۔ ایئر فورس، نیول ہیڈکوارٹرز اورپولیس کی متعدد یادگار شہداء پر تقریبات کاانعقاد کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات کاانعقاد کیا جائے گا۔ ملک بھر میں شہداء کی قبور پر فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ وطن عزیز پاکستان کے امن وامان کے لئے دی جانے والی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔