بٹ خیلہ (مانند نیوز)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملاکنڈ کے کابینہ نے حلف اٹھالیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملاکنڈ محمد اقبال خان نے نومنتخب کابینہ سے ان کے عہدوں کا حلف لیا، اس حوالے سے سیشن کورٹ ملاکنڈ میں تقریب حلف برداری کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اقبال خان، ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ شہاب خان، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ریاض، اے ڈی جے رشید اللہ کنڈی سمیت سول ججز، اے اے سی، پشاور ہائی کورٹ بارایسوسی کے صدر طارق افریدی، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن مینگورہ کے صدر عبدالعلیم ثانی اور بار ممبران نے بھر پور شرکت کی،نومنتخب صدر شیرین خان ایڈوکیٹ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کرنے والے ججز اور وکلاء کا شکریہ اداکیا اور بار ممبران کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرکے اسے حل کرانے کا مطالبہ کیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو سال میں انہوں نے اپنی استطاعت کے مطابق جتنے مسائل کی نشاندہی ہوئی اسے حل کرانے کی کوشش کی، مگر موجودہ سال میں وسائل کمی کی وجہ سے جوڈیشلی خود بھی مالی مشکلات سے دوچار ہے تاہم پھر بھی وکلاء اور سائلین کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں جائیں گے، ڈپٹی کمشنرنے بھی وکلاء کو یقین دلایا کہ بٹ خیلہ اور درگئی بارکے وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائیگا، ہائی کورٹ بار کے صدور نے بھی وکلاء کو درپیش مسائل چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تک پہنچانے اور اسے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔