ہنگو(مانند نیوز ) افواج پاکستان اور سیکورٹی ادارے قوم کی ریڈ لائن ہیں،پاکستانی کی سالمیت کے اداروں پر بے جا تنقید سے قوم کی دل آزاری ہوتی ہے، قوم افواج پاکستان کی امن اور استحکام کے لیے قربانیوں کی معترف ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر فاروق و دیگر نے افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے حق میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں اساتذہ اور سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ ساتھ ہر طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ریلی ایجوکیشن آفس اورکزئی سے ہوتی ہوئی اورکزئی ہیڈکوارٹر پہنچی۔جہاں اساتذہ اور دیگر نے افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کو ان کی بے مثال خدمات اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔مقررین نے کہا کہ مادر وطن کی بقا کی ضامن افواج پاکستان اور ریاستی ادارے ہیں جن کی پشت پر پوری قوم کھڑی ہے مقررین نے کہا کہ۔دشمن کا ایجنڈہ ہے کہ قوم اور افواج کے درمیان فاصلے پیدا کر کے پاکستان کو کمزور کیا جائے مگر یہ خواب دیکھنے والے ملک میں ہوں یا باہر، سب کو منہ کی کھانی پڑے گی۔مقررین نے کہا کہ قوم سمجھتی ہے کہ افواج پاکستان کی مضبوطی اور سیکورٹی اداروں کے استحکام میں پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی پنہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم اور ناقابل تسخیر ملک ہے اور مادر وطن کے لیے افواج پاکستان اور ریاستی سیکورٹی اداروں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ہمارے سیکورٹی جوان ہر محاذ پر دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت ملک میں پائیدار امن قائم ہوا ہے اور ہماری جغرافیائی سرحدیں محفوظ ہیں۔ مقررین نے گزشتہ دنوں احتجاج کی آڑ میں ایک ٹولے کی طرف سے اہم فوجی اور عسکری املاک اور قومی ورثے کو جلانے کے واقعات کو بد ترین ملک دشمنی قرار دیا اور حکومت پر زور دیا کہ ایسے عناصر کو نشانہ عبرت بنایا جائے جو ایسی کاروائیوں میں پیش پیش تھے تاکہ مستقبل میں کوئی ہمارے اہم مقامات اور شہدا کی یاد گاروں کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔