ایبٹ آباد (مانند نیوز)پورے ملک کی طرح ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں بھی یوم تکریم شہداء پاکستان ریلیاں نکالی گئیں ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے زیر اہتمام یوم تکریم پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت کمشنر ہزارہ ڈویژن عامر سلطان ترین نے کی ریلی جلال بابا آڈیٹوریم سے شروع ہو کر فوارہ چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خالد اقبال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنر ثقلین سلیم،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز،دیگر ضلعی انتظامیہ کے افسران،ڈی ای او میل،فی میل،تمام وفاقی،صوبائی اور ضلعی محکموں کے افسران و اہلکار، سول سوسائٹی،وکلاء صحافی،سرکاری و نجی سکولوں کے طلباء و طالبات،محکمہ صحت کے افسران،ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے افواج پاکستان اور شہداء پاکستان کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا شہداء اور مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔ شرکاء ریلی نے قومی ہیروز کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے قومی بیداری اور شکر گزاری کے جزبوں کا اظہار کیااور کہا کہ اس دن کے ذریعے پاکستانی قوم کو پیغام دینا ہے کہ شہداء، انکے لواحقین اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم تکریم شہداء نفرتوں اور تلخیوں کو بھلا کر محبت، امن، امید، رواداری اور اپنے شہداء سے والہانہ محبت کا پیغام دیگا۔ عظیم قومیں اپنے شہداء کوہمیشہ یاد رکھتی ہیں اورہمیں چاہیے کہ شہدائے پاک سرزمین کی یاد میں انکے لواحقین سے ملاقاتیں کریں اور وطن عزیز کیلئے دی جانے والی قربانیوں پر انکا شکریہ ادا کریں اور انکی بے مثال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ ایک قوم ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ ہم شہدائے وطن کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کیلئے جتنا ہو سکے ضرور کریں۔ہمیں متحدرہنا چاہئے اور شہداء کی عزت کرنی چاہیے اور ملک کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے اورہمارا مذہب اسلام شہیدوں کا احترام کرنا سکھاتا ہے۔۔شرکاء ریلی نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اس دن کی مناسبت سے نعرے درج تھے اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے فضا گونج رہی تھی۔ ریلی کے اختتام پر کمشنر ہزارہ عامر سلطان ترین نے پاکستان کی سالمیت و یک جہتی اور افواج پاکستان کی سلامتی و کامیابی کے لئے دعا کی۔