اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے توانائی کی بچت کےلیے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ توانائی بچانے کےلیے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، کمرشل ایریاز 8 بجے بند ہوجائیں گے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ ترقی کرنے کےلیے ہمیں اپنے طور طریقے بدلنا ہوں گے، خدشہ ہے اس سال کے آخر تک تیل کی قیمت 100 ڈالر تک نہ چلی جائے۔اُن کا کہنا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل کو 2035 آؤٹ لک پر بریفنگ دی گئی۔