سوات (مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کی زیرصدارت ملاکنڈ ڈویژن میں جاری میگا ترقیاتی پراجیکٹس بارے جائزہ اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن، این ایچ اے، پی کے ایچ اے کے حکام کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ متعلقہ حکام نے کمشنر ملاکنڈ کو جاری میگا واٹر سپلائی، مینگورہ گریٹر واٹر سپلائی سکیم، فلڈ پروٹیکشن و ایریگیشن چینلز کی تعمیر، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، انجینیرنگ یونیورسٹی اور پیڈ ز ہسپتال جیسے اہم پراجیکٹس پر تعمیراتی کام کے پیش رفت اور مسائل پرتفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ملاکنڈ نے پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ کا بلز ریکوری کو سراہتے ہوئے موسمیاتی تغیراتی تبدیلیوں کے پیش نظر پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے جاری ترقیاتی پراجیکٹس میں چھوٹے واٹر ریزروائر شامل کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملاکنڈ نے ایکسین ایریگیشن کو مستقبل میں سیلاب سے بچاو کیلئے دریائے سوات اور پنجگوڑہ پر فلڈ پروٹیکشن والز کی تعمیر کیلئے جامع منصوبہ بندی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مستقبل میں کسی بڑے سانحہ سے بچا جا سکے۔ کمشنر ملاکنڈ نے این ایچ حکام کو کالام اور چترال روڈ پر کام کے رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ سیاحتی سیزن میں سیاح حضرات بغیر کسی دشواری کے سفر کر سکے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے متعلقہ حکام سے تمام لنک روڈز اور پلوں کی تعمیر بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملاکنڈ نے تمام متعلقہ حکام سے جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو خود نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کی۔کمشنر ملاکنڈ نے ہائیر ایجوکیشن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام ان اہم منصوبوں سے مستفید ہوں۔ کمشنر ملاکنڈ کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے سڑکوں اور تعمیرات کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کی بروقت تعمیر ضروری ہے۔ کمشنر ملاکنڈ کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود جاری میگا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرینگیلہذا کام کی رفتار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں بھرتا جائیگا۔