سوات(مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان کی زیر صدارت کمشنر آفس سیدو شریف میں ضلع سوات میں ترقیاتی سکیموں کی نگرانی اور تعمیراتی کام کاجائزہ لینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر سی اینڈ ڈبلیو، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو اوردیگر متعلقہ محکموں کے نمائیندگان نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملاکنڈ ڈویژن اشفاق خان نے اجلاس کے شرکاء کو سوات میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت اور معیار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے بریفنگ میں بعض ترقیاتی سکیموں کے معیار پر تحفظات ظاہر کئے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے سپرنٹنڈنگ انجینئر اورایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ وہ تمام جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کریں اور کوتاہیوں کا موقع پرازالہ کریں۔کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ناقص کام کرنے والے کنسلٹنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی منظوری ایک طویل عمل کے بعد دی جاتی ہے جو کہ مفاد عامہ کی ضروریات کے مطابق کی جاتی ہے اور انہیں ناقص حالت میں تعمیر کرنا عوامی پیسے کے حوالے سے سنگین غفلت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ ضائع کرنے والے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے متعلقہ محکموں کو پی سی ون کے مطابق پراجیکٹس پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کے معیار کو اولین ترجیح دی جائے اور غیر معیاری کام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، مزید براں تمام منصوبوں کو مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے۔