اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال سمیت سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں میں اضافے کا حکم نامہ 2023 جاری کردیا۔چیف جسٹس آف پاکستان کی بنیادی تنخواہ تقریبا 20 فیصد بڑھا کر 12 لاکھ 29 ہزار 189 روپے کردی گئی ہے۔سپریم کورٹ کے دیگرججز کی بنیادی تنخواہ بھی 20 فیصد بڑھا کر 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے کردی گئی ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نئی تنخواہیں یکم جولائی سے نافذ العمل سمجھی جائیں گی۔صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جون 2022 میں جاری ہونے والے پچھلے حکم نامے کے تحت چیف جسٹس کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ 24 ہزار 324 روپے اور عدالت عظمی کے دیگر اعلی ججز کی تنخواہ 9 لاکھ 67 ہزار 636 روپے تھی۔ صادق سنجرانی کی جانب سے آرڈر جاری ہونے کے بعد گزشتہ حکم نامے منسوخ ہو گئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافے کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد اس بل کو بشمول ایوان بالا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔