ڈیرہ اسماعیل خان (مانند نیوز)ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیوٹی سے غفلت برتنے اور عوام کیلئے تکلیف کا باعث بننے والے پولیس اہلکاروں کو نشان عبرت بنائیں گے ، محرم الحرام کے حوالے سے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں فول پروف سیکورٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، محرم الحرام کے تمام پروگرام شیڈول کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائے جائینگے، ہمیں اسلام امن و بھائی چارے کا درس دیتاہے، کسی کو قانون سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی نشست کے دوران کیا، آرپی اوڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور عوام کے تعاون سے وزیرستان میں امن قائم ہو رہاہے، عید کے موقع پر امن میلہ کا انعقاد اس کا واضح ثبوت ہے، جو اکا دکا دہشتگرد رہ گئے ہیں ان کا بھی مکمل سد باب کرینگے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاسوں میں عمائدین علاقہ اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کو بھی شامل کیا جائیگا، صرف حالیہ آپریشن کے دوران تین دہشتگرد جہنم واصل ہوئے ہیں محرم الحرام کے دوران متنازعہ تقاریر پر پابندی ہوگی اور ایسا کرنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ، حکومت کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں بعض ذاکرین پر لگائی گئی پابندی پر عمل کیا جائیگا، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک پولیس عوام کی جان و مال و عزت کی حفاظت ہر صورت کرے گی ، اپنا فرض ہر صورت احسن انداز میں نبھائیں گے، ملک دشمن اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملایا جائیگا، عوام کسی بھی مشکوک شخص یا اشیاء کے حوالے سے پولیس سے مکمل تعاون کرے اور اس کی اطلاع پولیس کو کرے ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا،انہوں نے کہاکہ محکمہ پولیس نے سزا و جزاء کا عمل جاری ہے، اب تک 20کے قریب ڈی ایس پی ، انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز کو ڈیوٹی سے غفلت برتنے اور عوام کیلئے تکلیف کا باعث بننے والے اہلکاروں کو تبدیل کیا گیا ہے یا ان کی تنزلی اور معطلی بھی عمل میں لائی گئی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے حساس ایام کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی افواہوں ہر گز کان نہ دھریں ۔