سوات(مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ شندور پولو فیسٹیول سے سیاحوں کو سیروتفریح کے مواقع ملتے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ کیلئے بہتر انداز میں منعقد کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سطح سمندر سے تقریباَ 13 ہزار فٹ بلندی پر واقع شندور پولو گراونڈ اپر چترال میں پولو فیسٹیول کے افتتاحی اور تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپرچترال خالد زمان، ڈی جی خیبر پختونخوا ٹورازم اینڈ کلچر اتھارٹی محمد بختیار خان، ملکی اور غیرملکی شائقین کی کثیرتعداد موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میں سرلاسپوراپر اور سرلاسپور لوئر کے درمیان کھیلا گیا جس میں سرلاسپور اپر نے 1 گول کے مقابلے میں 5 گول سے کامیابی حاصل کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے بال پھینک کر شندور پولو فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ مستوج روڈ بنانے کیلئے وفاقی حکومت کو درخواست دیدی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ کا کہنا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن کے پرکشش اور پرفضا مقامات تک سیاحوں کی رسائی کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاکہ ان مقامات سے سیاح لطف اندوز ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو ہر قسم کی سہولت اور مدد کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور سیاحوں کی مدد کیلئے ٹورازم پولیس کو تعینات کیاہیں۔ اور سیاحوں کیلئے مناسب رہائش کی سہولیات کو یقینی بنایا گیاہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شاہد اللہ خان نے ابتدائی روز میچ جیتنے والے ونر ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔