اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو 56ویں یوم وفات پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اتوار کے روز وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح ایک عظیم بھائی کی عظیم بہن تھیں فاطمہ جناح قوم کے لئے ماں کا درجہ رکھتی ہیں، قوم پر ان کے بہت احسانات ہیں۔ محترمہ فاطمہ جناح بابائے قوم کے لئے حوصلے اور ہمت کا ذریعہ تھیں۔مادر ملت پیرانہ سالی کے باوجود آمریت کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوئیں، عوام، جمہوریت اور ملک کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان اور ملک کیلئے بے مثال کردار ادا کیا اور قربانیاں دیں۔ محترمہ فاطمہ جناح کی شخصیت آج کی بچیوں اور خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔قوم مادر ملت کی پاکستان کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کے احسانات کی مقروض رہے گی۔ وزیراعظم نے قوم سے مادر ملت کے لئے دعا کی اپیل کی ہے، اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔