مالاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شہاب محمد خان نے تمام انتظامیہ افسران،صوبیدار میجر ملاکنڈلیویز اورتمام تھانوں کے پوسٹ کمانڈ روں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈرگز کے کاروبار کرنے والوں،کالے شیشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصرپر کڑی نظر رکھیں اور ان شر پسند عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹیں۔یہ ہدایات انہوں نے لیویز لائن ملاکنڈ میں کارکردگی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں ضلع بھرکے تھانوں کے پوسٹ کمانڈروں کا ہفتہ وار کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا او ربتایا گیا کہ مجموعی طور پر بھاری مقدار میں اسلحہ،منشیات اور متعدد گاڑیوں کے کالے شیشوں کے خلاف کاروائی کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شہاب محمد خان نے صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز،لائن افیسر اور تمام پوسٹ کمانڈروں کو جگہ بہ جگہ ناکہ بندیاں اور روز مرہ گشت پیٹرولنگ بھی جاری رکھنے کی ہدیت کی۔ڈپٹی کمشنر نے پوسٹ کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ جرائم پیشہ افراد،منشیات فروش،غیر قانونی اسلحہ سمگلران کے خلاف مزید کاروائیاں تیز کرکے ضلع ملاکنڈ کو ان شرپسند عناصر سے پاک صاف کریں۔