لوئر دیر (مانند نیوز) نگران وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا اعظم خان نے چیف سیکٹری ندیم اسلم چوہدری، ہیلتھ منسٹر ریاض انور، وزیر قانون حامد اور انسپیکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواہ اختر حیات گنڈاپور کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی ، چیف سیکرٹری اور ائی ، جی آف پولیس اور ڈپٹی کمشنر لوئر دیر اوردیگر افسران نے تیمرگرہ ہسپتال میں باجوڑ دھماکہ میں زخمی افراد کے ساتھ فرداً فرداً ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اوران کے جلد صحتِ یابی کیلئے خصوصی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مہمانوں نے باجوڑ دھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ہسپتال سٹاف کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ بروقت فراہم کریں علاج معالجہ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔ ایم۔ایس ڈی۔ ایچ۔ کیو ہسپتال تیمرگرہ ڈاکٹر علی اضغر نے زخمیوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی۔