پشاور(مانند نیوز)خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاورکے زیر اہتمام 76 ویں یوم آزادی کے حوالے سے ڈاکٹر حفیظ اللہ ہال میں ایک رنگارنگ تقریب منعقد کی گئی جسکے مہمان خصوصی یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی تھیں جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر ایکیڈیمکس ڈاکٹر ظل ہما، صدر کے ایم یو ویلفیئر سوسائٹی ڈاکٹر مجیب الرحمٰن، فیکلٹی، ایڈمن سٹاف اور طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کا آغاز یونیورسٹی کے لان میں پرچم کشائی اور یونیورسٹی کے سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے قومی پرچم کو سلامی سے ہوا جسکے بعد شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب میں تقریری مقابلوں کے علاوہ ڈاکومینٹریز، خاکے اور ملی نغمے پیش کئے گئے اور بچوں کے درمیان کویز مقابلے منعقد کیئے گئے جن کو بے حد سراہا گیا۔ دریں اثناء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی نے کہا کہ آزادی کا دن جوش و خروش سے منانا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے بے پناہ قربانیوں اور تکالیف کے بعد پاکستان حاصل کیا تھا اور اب اس امانت کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہاکہ آزادی کی قدر و قیمت جاننے کے لئے علامہ اقبال کی شاعری کا مطالعہ ضروری ہے جنہوں نے اپنے اشعار میں ہمیں آزادی کا حقیقی پیغام دیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی نے کے ایم یو ویلفیئر سوسائٹی اور خپل کور اور آئی پی ایم آر کےطلباء و طالبات کو بہترین پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ دیگر ادارے بھی اس طرح کی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ مہمان خصوصی نے تقریری مقابلوں، ملی نغموں اور خاکوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کی کارکردگی کی تعریف کی اور ان کے ساتھ مل کر یوم آذادی کا کیک کاٹا۔