ڈیرہ اسماعیل خان(مانند نیوز)آزادی بہت بڑی نعمت ہے اس سے بڑھ کر دنیامیں کوئی چیز نہیں اور ہمیں اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ اس نے ہمیں ایک آزاداسلامی ملک پاکستان عطا کیااور بحیثیت پاکستانی شہری ہم سب پر فرض ہے کہ ہم اس نعمت کی حفاظت کریں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پرڈاکٹرعبدالقدیر خان آڈیٹوریم میںمنعقد ہونیوالی پروقار تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122ڈیرہ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اویس بابر ،رجسٹرار گومل یونیورسٹی سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ، افسران، ملازمین ، ریسکیو1122سٹاف’ میڈیانمائندوںسمیت بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔14اگست کے حوالے سے گومل یونیورسٹی میں ہونیوالی پروقار اور عالیشان تقریب کا باقاعدہ کاوائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی سربراہی میں یونیورسٹی کی جامع مسجد میں ختم القرآن پاک سے ہوا جس کے بعد ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں سائرن بجا کر تقریب کاباقاعدہ آغاز ہوا،بعد ازاںو ائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے پرچم کشائی کی اور گومل یونیورسٹی کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں قومی جذبے سے اظہار محبت کرتے ہوئے یونیورسٹی وینسم کالج کے بچوں نے ٹیبلو زپیش کیاجبکہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی ملازمین نے ملی نغمہ سنا کر تقریب کو مزید چار چاند لگا دیئے۔ گومل یونیورسٹی کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان آڈیٹوریم سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ زندہ قوموں کی پہچان یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنی آزادی کا جشن شایان شان طریقے سے مناتے ہیںاور یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے ہر کونہ کی طرح گومل یونیورسٹی میں بھی جشن آزادی کی پروقار تقریبات کا انعقاد ہوا جس کا مقصد ہمیں اپنے آنے والی نسلوں کو یہ باور کروانا ہے کہ مملکت خداد اد پاکستان کی آزادی کیلئے ہمارے آبائواجداد نے کس طرح اپنی جان مال قربان کر دیا اس آزادی کے حصول میں ہماری بہنوں بیٹیوں نے اپنی عزتیں تک قربان کر دیں۔ یہ ملک جس میں آج ہم آزادی سے ساکھ کا سانس لے رہے ہیں اس کے پیچھے ہمارے بزرگوں کی ان گنت قربانیاں شامل ہیں جن کو کبھی نہیں بھولایا جا سکتا اور نہ ہی کبھی ہم بھولیں گے۔ تقریب میں گومل یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے طلباء نے جشن آزادی کے حوالے سے تقریربھی کیں۔ تقریب میںپر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیااور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ سمیت یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ افسران نے یونیورسٹی میں پودے بھی لگائے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ بچوں میں گھل مل گئے اور تصاویر بھی بنواتے رہے۔