سخاکوٹ(مانند نیوز) سخاکوٹ میں گذشتہ روز جائیداد کے تنازعہ پر قتل ہونے والے ماں اور انکے بیٹوں کے قتل کے خلاف لواحقین نے بھائیوں کی لاشیں مین ملاکنڈ جی ٹی روڈ پر رکھ کر روڈکو ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند رکھاجس کی وجہ سے شدید گرمی میں سواریوں کو سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمدعلی کی جانب سے ملزمان کی جلد گرفتاری کے یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جائیداد کے تنازعہ پر قتل ہونے والے ماں مسماۃ (ب گ) زوجہ دلاور شاہ اور انکے بیٹوں واجد علی اور خالد پسران دلاور شاہ ساکنان شاہ افضل کلے سخاکوٹ کی لاشیں لواحقین نے مین ملاکنڈ شاہراہ پر رکھ کر روڈ کو ہرقسم کے ٹریفک کیلئے بند رکھااورملزمان کی فوری گرفتاری اور انکے گھروں کے مسمار کرنے کامطالبہ کیا مظاہرین نے تقریبا دو گھنٹے تک مین ملاکنڈ شاہراہ کوشاہ افضل کلے سخاکوٹ کے مقام پر بند رکھا جسکی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں کھڑی رہی اور سواریوں کوسخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔مظاہرین سے اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمدعلی خان نے مذکرات کئے اور ملزمان کی جلدازجلد گرفتاری اور قتل ہونے والے افراد کے خاندان کو فوری انصاف فراہم کرنے کے یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کیا۔بعدازاں مقتولین کی نمازجنازے ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔درایں اثناء جائیداد کے تنازعہ پر قتل ہونے والے ماں اور انکے بیٹوں کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا،قتل کے مقدمہ سات افراد کونامزد کیاگیا ہے۔ قتل کامقدمہ مقتولہ کے بیٹے اور مقتولین کے بھائی جواد ولد دلاور شاہ سکنہ شاہ افضل کلے سخاکوٹ نے لیو یز تھانہ وکیل الرحمان سخاکوٹ میں درج کرلیاہے۔