شبقدرچارسدہ (مانند نیوز)تحصیل شبقدر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بے قابو مہنگائی بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ اور ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف شبقدر بازار میں احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے ٹائر جلا کر شاہراہیں ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کر دیں۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق کی کال پر اشیائے خوردونوش،پٹرول مصنوعات اور بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ اور ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف تحصیل شبقدر بازار میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی اور ختم نبوت چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی تحصیل شبقدر کے امیر حافظ شفیع اللہ احمد زئی، ضلعی رہنماء ملک سجاد احمد، نیاز محمد،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سید ذاکر شاہ باچا، ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں ملک قلندر خان ملک روح الامین اور دیگر نے کہا کہ برداشت سے باہر مہنگائی لاقانونیت بیروزگاری بجلی بلوں میں بے تحاشہ اضافہ ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار پٹرول مصنوعات اور دیگر مسائل کے باعث غریب عوام کی زندگی عذاب بن گئی ہے۔مقررین نے کہا کہ بجلی بلوں میں اضافہ ٹیکسوں کی بھرمار نے غریب عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے۔ آئے روز مہنگائی کے اعلانات کے باعث حکومت نے غریبوں سے نوالہ بھی چھین لیا ہے مقررین نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث آج ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اورشبقدر بازار میں ٹائر جلا کر شاہراہیں ہر قسم ٹریفک کیلئے بند کر دیں۔شاہراہوں کی بندش کے باعث شدید گرمی میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔