اپر چترال (مانند نیوز)اپر چترال میں پرائس ریویو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر مستوج شاہ عدنان کے زیر صدارت ان کے دفترمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اپر چترال، چئیرمین تحصیل کونسل مستوج، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر مستوج، پولیس کے نمائندے، صدر تجار یونین بونی، سیکرٹری تجار یونین بونی اور دوسرے کاروباری حضرات نے شرکت کی۔اجلاس میں اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں روزانہ کی بنیاد پر اتار و چڑھاؤ پرتفصیلی بات چیت کی گئی اور کاروباری حضرات کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر fluctuation اور ریٹس کی عدم استحکام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اشیاء خوردونوش کے نرخوں سے متعلق بٹ خیلہ، تیمرگرہ، دیر اور لوئر چترال سے فی کلوگرام کے حساب سے معلومات لی گئی اور اسی تناسب سے اپر چترال کے لئے نیا ریٹ تعین کرکے نرخنامہ مرتب کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے تمام کاروباری حضرات کو آگاہ کیا کہ مذکورہ مرتب شدہ نرخنامے پر عملدرآمد ہر صورت ہونی چاہئے بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اپر چترال کو ہدایت کی کہ وہ روزنہ کی بنیاد پر پرائس چیک کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں تاکہ نرخناموں پر عملدرآمد یقینی ہو۔