کراچی(مانند نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے،مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرانے کا پابند ہے، ہمیں چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران پر پورا اعتماد ہے۔پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے فوری الیکشن کے مطالبے کے محض ایک روز بعد آصف زرداری نے ایک اہم بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے نہ صرف الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کیا بلکہ یہ بھی کہا کہ نگران حکومت سرمایہ کاری کی خصوصی کونسل کے منصوبے جلد از جلد مکمل کرا کے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالے۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرے۔سابق صدر نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے۔