پشاور(مانند نیوز) قومی وطن پارٹی ضلع وسٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے خواتین ونگ نے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے کی قیادت پارٹی رہنماء نیلم گیگیانی کر رہی تھیں۔ جبکہ مظاہرے میں قومی وطن پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے چیئرمین شکیل وحیداللہ خان، جنرل سیکرٹری خالد باغی اور صدیق اکبر صافی بھی موجود تھے۔ مظاہرین نے مہنگائی،پٹرولم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ظالمانہ اضافے کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت سے اس قسم کے ظالمانہ اقدامات کی فوری بندش کا مطالبہ کیا۔شرکاء نے تیل مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کی مزمت کی اور اسے غریب دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے فی الفور واپس لیاجائے بصورت دیگر قومی وطن پارٹی خواتین ونگ صوبہ بھر میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کرے گی۔انھوں نے کہا کہ بجلی، گیس اورپٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ملک کے باسیوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے اور وہ خود کشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں۔ تیل و بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے لوگوں کی معمولات زندگی شدید متاثر ہورہی ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایے بڑھ رہے ہیں بلکہ اشیائے خور و نوش کے نرخوں کو بھی پر لگ رہے ہیں اور یہ عام آدمی کی قوت خرید سے باہر چلے جارہے ہیں۔انھوں نے حالیہ اضافے کوبلاجواز قرار دیا اور کہا کہ اگرنگران حکومت غریب عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو ان پر مزید بوجھ ڈالنے سے بھی گریز کرے بصورت دیگرغریب عوام اس کے منفی اثرات سے شدید متاثر ہوں گے اور ان کا جینا محال ہو جائے گا۔