سوات(مانند نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ مقبولیت والے آجکل قبولیت کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں۔ ملک کو نت نئے تجربات نے معاشی بدحالی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔ انہی تجربات کی بدولت آج ملک قرضوں میں ڈوبا اور آئی ایم ایف کا محتاج ہے۔ سوات کبل میں اے این پی پی کے 7 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ پچھلے انتخابات میں جیت عمران کی نہیں بلکہ جنرل پاشا، جنرل ظہیر الاسلام اور جنرل فیض کی ہوئی تھی۔ جعلی انقلابی غائب ہیں، غریب کارکنان کو میدان میں لڑایا جارہا ہے۔ خود پریس کانفرنسز اور ضمانتیں کرارہے ہیں، کارکنان کو پوچھا تک نہیں جارہا۔ سوات کے عوام کو سیکشن فور کے نام پر گھروں، زمینوں اور جنگلات سے محروم کیا جارہا ہے۔ سوات میں ایکسپریس وے کے متاثرین بارے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وعدہ کرتے ہیں کہ اے این پی اقتدار میں آئی تو کوئی بھی اپنے گھر اور زمین سے محروم نہیں ہوگا۔ سوات کیجنگلات، پانی، پہاڑوں اور دیگر وسائل پر پہلا حق سوات کے عوام کا ہے۔ اے این پی پختونخوا کے تمام اضلاع کو انکے وسائل پر انکے اختیار کے حق میں ہے۔اپنے دور اقتدار میں ہم نے دہشتگردی اور سیلاب کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی کام کئے۔ سوات میں دہشتگردی کا ذکر کرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ امن کی خاطر ہم نے تحریک نفاذ شریعت سیشرعی نظام عدل کا معاہدہ کیا۔ کچھ عرصہ بعد دہشتگردوں کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیاں شروع ہوئیں۔دہشتگردوں نے تھانوں کا گھیراؤ کیا اور پولیس کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ میں نے خود ہرپولیس تھانے میں ایس ایچ اوز کو فون کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ قیام امن کیلئے سوات کے عوام اور پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پیشکش کی گئی کہ دہشتگردی کے واقعات پر خاموشی اختیار کرنے سے ہم کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ ہماری جگہ کوئی اور ہوتا تو دہشتگردوں کے سامنے کب کے سرنڈر کرچکے ہوتے۔ باچا خان کے پیروکار جانوں کی پروا کئے بغیر دہشتگردوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔ دہشتگردی کی مخالفت کی پاداش میں اے این پی قائدین اور کارکنان کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم مزید اپنی سرزمین پر پرائی جنگیں ماننے کیلئے تیار نہیں۔ اے این پی کو وزارت اور اقتدار نہیں، پختونوں کیلئے امن اور وسائل پر اختیار چاہیئے۔ پختونوں کے خلاف سازشیں بند کی جائیں اور پرائی جنگیں ہم پر مسلط نہ کی جائیں۔ دہائیوں سے خطے میں جاری پرائی جنگوں میں سب سے زیادہ نقصان پختونوں کا ہوا۔ فیصلہ اور سازش کسی اور کی تھی اور سزا پختون قوم نے پائی۔ سوات کے عوام کو دہشتگردی کے خلاف یک آواز ہوکر کھڑے ہونے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جب تک ہم اتحاد اور اتفاق نہیں کرتے اپنی مٹی کی تحفظ نہیں کرسکتے۔اس موقع پر انہوں نے سابق ایم پی اے وقار احمد خان کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ حقیقی معنوں میں باچا خان کے پیروکار تھے۔ ورکرز کنونشن سے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری و امیدوار این اے 4 ڈاکٹر سلیم خان، مرکزی جائنٹ سیکرٹری خان نواب، ضلعی صدر و امیدوار این اے 3 ایوب خان اشاڑی اورامیدوار پی کے 7 افتخار خان نے بھی خطاب کیا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے