پشاور( مانند نیوز) پشتوفلم اور ٹی وی ڈراموں کی نئی ابھرتی ہو ئی اداکارہ نوری خان نے کہا ہے کہ منشیات کے عادی افراد کو اس لعنت سے چھٹکارہ دلوانے کے لیے غیر سرکاری ادارے اور ہسپتال اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہ ہر لحاظ سے لائق تحسین ہیں۔ ہمیں نوجوانوں میں منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان لعنت کے خاتمے اور نوجوانوں کو اس سے محفوظ بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشہ کے عادی افراد کے علاج معالجہ اور بحالی مرکز شفا رھیب سنٹر مردان کا دورہ کرتے ہو ئے کیا،اداکارہ کو ادارے کے چیئر مین محمد نامدار خان نے نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے مقاصد اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے محمد عارف بھی موجود تھے،اداکارہ کو بتایا گیاکہ شفا رھیب سنٹرکے مقاصد میں منشیات کے عادی افراد کا علاج اور بحالی ہے تاکہ یہی لوگ معاشرے میں دوبارہ باعزت زندگی گزار سکے۔نوری خان نے کہا کہ جو ادارے نشے کے عادی افراد کا علاج اور کونسلنگ کرکے انہیں دوبارہ صحت مند شہری بنانے میں کارفرما ہیں ان کی ہر طرح سے مدد کرنا ہم سب پر فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ نشہ کی لعنت ہماری نوجوان نسل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ہمیں خود کو اپنے معاشرہ کو اور آنے والی نسل کو اس بری عادت سے بچا کر اپنا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ والدین کوچاہیے کہ وہ اپنے بچوں کوایسی سوسائٹی سے بچائیں جبکہ ہمیں مل جل کر منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرناہے اورنوجوان نسل پر نظر رکھتے ہوئے انکوصحت مندانہ زندگی گزارنے کی طرف مائل کرنا ہے