نئی دہلی(مانند نیوز ڈیسک)سکھ رہنما کے قتل کا بھارت کو ذمہ دار قرار دینے کے بعد بھارت نے کینیڈا کے سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے الزام اور بھارتی سفارت کار کو ملک بدر کرنے کے بعد بھارت نے جوابی اقدام میں ایک کینیڈین سفارت کار کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کینیڈین سفارت کار کو اگلے 5 دن میں بھارت سے جانے کے لیے کہا گیا۔ اس سے قبل کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت پرکینیڈین شہری اور سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ کینیڈا کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا تھا کہ انہوں نے اس بارے میں جی 20 اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے کھل کر بات کی تھی۔ سکھ رہنما کا قتل کینیڈا کی خود مختاری اور بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔کینیڈا نے را کے سربراہ کو بھی ملک بدر کردیا تھا۔ بھارت نے کینیڈا کے الزامات کی تردید کی ہے۔