پشاور ( مانند نیوز)مشیر صحت برائے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواپروفیسر ڈاکٹر ریاض انور نے کہا ہے کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے زیر اہتمام غیر متعدی امراض(این سی ڈیز) کے علاج معالجے کے لئے بنائے جانے والے ہسپتال سے اگر ایک طرف ذیابیطس، ذہنی امراض، کینسر،فالج،امراض سینہ اور امراض قلب کے علاج معالجے کی معیاری سہولیات دستیاب ہونگی تو دوسری جانب یہ ہسپتال علم و تحقیق کا ایک مثالی مرکز بھی ثابت ہوگا۔ اس ہسپتال کو درکار تمام سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ کے ایم یو صحت کے شعبے میں جو گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے وہ ناقابل فراموش اور دیگر اداروں کے لئے مثال ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار کے ایم یو این سی ڈیز کے مجوزہ ہسپتال اور کے ایم یو پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب کے دورے اور ڈپلومہ ان پریونٹیوکارڈیالوجی اور ڈپلومہ ان کارڈیک ری ہیبی لیٹیشن پروگرامات کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔جب کہ اس موقع پر وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، رجسٹرار انعام اللہ وزیر، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر سلیم گنڈاپور،ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی، ڈائریکٹر فیملی میڈیسن، معروف انکالوجسٹ ڈاکٹر امجد اور ڈاکٹر فواد کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ وہ خود کے ایم یو کا حصہ رہے ہیں اور انہیں کے ایم یو کی کارکردگی اور خدمات پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے ایم یو کا این سی ڈیز ہسپتال کے قیام کا فیصلہ وقت کی ضرورت ہے اور یہ ہسپتال نہ صرف معاشرے پر غیر متعدی امراض کے بڑھتے ہوئے دباوٗ میں کمی لانے کا باعث بنے گا بلکہ یہاں پر غیر متعدی امراض کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ان امراض کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ یہ ہسپتال علاج اور تحقیق کے دوہرے مواقع فراہم کرے گا جس سے اگر ایک طرف غیر متعدی امراض کے علاج معالجے کی نئی راہیں کھلیں گے تو دوسری جانب ان تمام شعبوں میں پوسٹ گریجویٹ سطح پر علم اور تحقیق کے جدید مواقع بھی دستیاب ہونگے۔ پروفیسر ریاض انور نے کے ایم یو پی ایچ آر ایل کی کورونا وباء کے دوران تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اس لیب کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی اور وہ نہ صرف اس ضمن میں بلکہ این سی ڈیز ہسپتال کے لیئے درکار جدیدنیوکلیئرریڈیوتھراپی مشین کی خریداری کے لیئے بھی وزیر خزانہ سے خود بات کریں گے۔ انھوں نے ڈپلومہ ان پریونٹیو کارڈیالوجی اور ڈپلومہ ان کارڈیک ری ہیبی لیٹیشن کے اجراء کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے شارٹ کورسز سے معاشرے میں بڑھتے ہوئے امراض قلب اور فالج کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ انھوں نے وائس چانسلر کے ایم یو کو یقین دہانی کرائی کہ لائف سپورٹ پروگرام کو صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں بطور لازمی ٹریننگ متعارف کرانے کے لئے وہ محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام سے ملاقات کے علاوہ تمام ضروری اقدامات بروئے کا ر لائیں گے۔قبل ازیں وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے یونیورسٹی پہنچنے پر مشیر صحت کا استقبال کیا اورانہیں کے ایم یو کے مجوزہ این سی ڈیزہسپتال، پی ایچ آر ایل اور یونیورسٹی کی علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جس پر مشیر صحت نے اطمینان کا اظہارکیا اور کے ایم یو کے اعلیٰ حکام کو محکمہ صحت اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی جبکہ آخر میں مشیر صحت نے مجوزہ این سی ڈیز ہسپتال اور پی ایچ آر ایل کے دورے کے علاوہ ڈپلومہ ان پریونٹیو کارڈیالوجی اور ڈپلومہ ان کارڈیک ری ہیبی لیٹیشن کا باضابطہ افتتاح کیا۔ #

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے