پشاور( مانند نیوز) پاکستان تحریک ترقی و کمال کے چیئرمین میجر جنرل (ر) فرخ بشیر نے کہا ہے کہ تحریک ترقی و کمال کا اولین مقصدپاکستان کو عالمگیر اسلامی اصولوں کے مطابق پر امن اور ترقی پسند ریاست بنانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر سرکاری تنظیم سائبان ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کے دفتر میں ملک کے موجودہ حالات اور اپنے تحریک کے اعراض ومقاصد بیان کرتے ہو ئے کیا،اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی ضلع مردان کے نمائندوں سمیت اقلیتی برادری کے نمائندوں، مختلف مکاتب فکر کے لوگ، مرد و خواتین ممبران و اساتذہ و ڈاکٹر وں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فرخ بشیر سے مختلف سوالات و جوابات کا سیشن بھی ہوا۔ جس کی دفاع میں چیئرمین تحریک ترقی وکمال نے کھل کر جوابات دئیے۔ تمام شرکاء نے اگلے لائحہ عمل میں چیئرمین کو تعاون کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ اور دو نکاتی منشور کو بہت پسند کیا۔ بعد میں صدر محمد عارف سائبان ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان نے فرخ بشیر کا شکریہ ادا کیا اور بھر پور تعاون کرنے کی یقین دہائی کرائی۔ فرخ بشیر نے کہا کہ پاکستان تحریک ترقی و کمال کا مقصدآئین اور قانون کی بالا دستی قائم کرنا، فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا پولیس اور انتظامی ڈھانچہ میں اصلاحات کر کے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کرناآبادی کی شرح پر قابو پانا، انفرادی قوت کو موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق تیار کرنا، سیکنڈری کی سطح تک تعلیم مفت اور لازمی کرنا،صحت کے قومی نظام کو شہریوں کی ضروریات کے مطابق بنانا ریاستی سطح پر معاشی خود انحصاری حاصل کرنا، ریاست کے اندراستحصال ختم کر کے سب کے لئے قابلیت اور محنت کے مطابق سماجی اور معاشی ترقی کے لئے یکساں مواقع فراہم کرنا، سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور اہلیت یقینی بنانا بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور موثر بناناخواتین کے حقوق کا تحفظ اور تمام شعبہ زندگی میں نمائندگی شمولیت یقینی بنانا ہے۔