پشاور(مانند نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 320 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں کاروروائیاں کی گئیں جس کے تحت مختلف سیکٹرز میں آپریشن کے دوران 320 افراد کو گرفتار کر کے دو ٹرک سامان قبضے میں لے لیا۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ تجاوزات مافیا رضا کارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی کیونکہ تجاوزات قائم کرنے سے ٹرانسپورٹروں اور راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پارکنگ سٹینڈ میں کھڑی کریں جبکہ نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں کھڑی کرنیوالوں کی گاڑیاں ٹرمینل میں بند کی جائیں گی۔