نئی دہلی(مانند نیوز ڈیسک) بھارت اورنیپال کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.2 ریکارڈ کی گئی، گہرائی 10 کلو میٹر اور مرکز نیپال میں تھا۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق نیپال میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد دہلی-این سی آر کے علاقے اور شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ملک میں یکے بعد دیگرے آنے والا یہ دوسرا زلزلہ تھا جس کا پہلا جھٹکا 4.2 کی شدت کا تھا جس کی شدت 2.20 منٹ پر تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نئی دہلی، اتر پردیش سمیت کئی شہروں میں محسوس کئے گئے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث شہری گھروں سے باہر نکل آئے،میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی بھارت میں 5.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔