پشاور(مانند نیوز) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤنے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی فتح ہے اور اس سے ملک میں جمہوریت کے فروغ اور استحکام کو مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل آگرہ ضلع چارسدہ میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراے این پی اور پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوں اجمل خان،اسد خان،زبیر شاہ،محمد آیاز،اسراج گل،ودود خان،رحم گل،حافظ زاہد،طائف شاہ،اشفاق خان،شبیر محمد،ذیشان خان،اویس خان،محمد آیاز اوربہادر شاہ نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت اور پالیسیوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ پارلیمان کی بالادستی اوراستحکام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور مستقبل میں اس کے پارلیمان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی چاہتی ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت اور جمہوری اداروں پھلے پھولے اور اس کو استحکام ملے تاکہ ملک و قوم تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین نے کہا کہ بجلی،پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے لوگوں کو معاشی طور پر مفلوج کردیاانھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی حالات جاری رہیں تو لوگ فاقوں پر مجبور ہو جائیں گے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔انھوں کہا کہ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بھی روز بروز بگڑ رہی ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک طرف ہوشربا مہنگائی نے لوگوں کے اوسان خطا کردیئے ہیں تو دوسری طرف بڑھتی ہوئی بد امنی نے لوگوں کا سکھ چین چھین لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں کسی نے بھی صوبے کے حقوق اور محرومیوں کے ازالے کیلئے نیک نیتی سے کام نہیں کیااور یہی وجہ ہے کہ صوبے کے دورفتادہ اورپسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ اور یہاں کے عوام کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے قومی وطن پارٹی ہر فورم پر جدوجہد کر رہی ہے۔اجتماع سے پارٹی کے ضلعی قائدین نے بھی خطاب کیا۔