شبقدر (مانند نیوز)شبقدر بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور بھاری جرمانوں کے خلاف سیاسی اور سماجی تنظیموں کا احتجاجی واک اور مظاہرہ. تفصیلات کے مطابق تحصیل شبقدر میں سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی، قومی وطن پارٹی،جمیعت علمائے اسلام،جماعت اسلامی اورعوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان نے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور بھاری جرمانوں کے خلاف شبقدر چوک سے ایکسئین آفس تک احتجاجی واک اور مظاہرہ کیا۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء سید ذاکر شاہ باچا،جماعت اسلامی کے آمیر حافظ شفیع اللہ،قومی وطن پارٹی کے حاجی گل یوسف اورجے یوآئی کے رہنماء مولانا عبدالوکیل کا کہنا تھا کہ شبقدر میں چار پانچ فیڈرز کے علاوہ دیگر تمام فیڈرز پر بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ مقامی واپڈا کی جانب سے اکثر فیڈرز پر بجلی کی سپلائی کو غیر قانونی طور پر مکمل منقطع کیا گیا ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی لوڈ شیڈنگ کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے جبکہ اکثر علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک جانب بجلی کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہو گیا ہے تو دوسری جانب بھاری جرمانوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔