پشاور(مانند نیوز) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی دورہ لاہور کے موقع پر گورنرہاؤس لاہور پہنچے، جہاں گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمان نے گورنر حاجی غلام علی کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں گورنر حاجی غلام علی نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملاقات کی اور ملکی موجودہ سیاسی، معاشی، امن و امان سمیت مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پنجاب و خیبر پختونخوا کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور دونوں صوبوں کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھانے سمیت دیگر بین الصوبائی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں میں شعبہ تحقیق کو کمرشلائزد کرنے اور معیاری تعلیم کی فراہمی سے متعلق امور بھی زیر بحث رہے۔ اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ زراعت، تعلیم و صنعتی ترقی میں ایک دوسرے کا تعاون ملکی مجموعی معاشی ترقی کیلئے مددگار ثابت ہو گا۔گورنرحاجی غلام علی نے گورنر پنجاب کو خیبر پختونخوا کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کر لی۔گورنرپنجاب نے صوبہ خیبرپختونخوا میں اعلی تعلیم کے فروغ اور اعلی تعلیمی اداروں ریسرچ کی اہمیت کے حوالے سے اقدامات پرگورنر حاجی غلام علی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔