راولپنڈی (مانند نیوز ڈیسک)پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کے بعد غوری ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے، صدر مملکت، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے اس کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔پاکستان نے 18 اکتوبر کو ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا تھا اور اب صرف 5 دن بعد ہی پاکستان نے غوری ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق غوری ویپن سسٹم تجربے کے دوران ویپن سسٹم کے تکنیکی اور آپریشنل پہلوئوں کاجائزہ لیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ لانچنگ کا مشاہدہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورس کمانڈ، سٹریٹجک فورسز کے سینئرافسران، سٹریٹجک تنظیم کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ آرمی سٹریٹجک فورس کمانڈ کے کمانڈر نے فورس کی تربیتی، آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کے افسران، سائنسدان، انجینئرز بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور عسکری قیادت نے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد پیش دی ہے۔