پشاور(مانند نیوز) پاکستان کے سب سے بڑے ٹیلی کمیونی کیشن و ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل نے پی ٹی سی ایل ورکرز اتحاد فیڈریشن کے کولیکٹیو بارگیننگ ایجنٹس (سی بی اے) عہدیداران کے انتخاب کے لیے حالیہ ریفرنڈم میں کامیاب ہونے والے ارکان کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)، کنٹری آفس پاکستان کے سینئر پروگرام آفیسر،سید صغیر بخاری کے علاوہ پی ٹی سی ایل کے اعلیٰ حکام اور ملک بھر سے نو منتخب عہدیداران اور مزدور رہنماؤں نے شرکت کی۔ حالیہ ریفرنڈم پی ٹی سی ایل میں ملازمین کے حقوق کے تحفظ، بہتری و خوشحالی اور پالیسی سازی میں ان کی رائے شامل کرنے کی جمہوری روایت کا تسلسل ہے۔ تقریب میں پی ٹی سی ایل کی جانب سے نو منتخب رہنماؤں کا شاندار خیر مقدم کیا گیا، جنہوں نے اس پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یونین اور ادارے کے مابین کمپنی کی ترقی اور ملازمین کی خوشحالی کے لیے تعاون کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔سینئر پروگرام آفیسر، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او)، کنٹری آفس پاکستان، سید صغیر بخاری نے ورکرز کے حقوق کے حوالے سے آئی ایل او کے کنونشنز کا ذکر کیا اور دنیا بھر میں یونینز اور انتظامیہ کے مابین تعاون اور ہم آہنگی سے ممکن ہونے والی ترقی و خوشحالی کی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل انتظامیہ کو یونین کی شاندار پذیرائی کی مثبت روایت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ گروپ چیف پیپل آفیسر، پی ٹی سی ایل و یوفون 4G، شعیب بیگ نے سی بی اے ریفرنڈم میں کامیابی حاصل کرنے والی پی ٹی سی ایل ورکرز اتحاد فیڈریشن کو مبارک باد پیش کی اور ریفرنڈم کے کامیاب انعقاد پر یونین کے رہنماؤں اور ای۔ آر ٹیم کے مثالی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے ملازمین کے تمام مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ انصاف، شفافیت اور مساوات کے زریں اصولوں پر سختی سے کاربند ہے۔ انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ پی ٹی سی ایل کو انڈسٹری کی نمبر ایک کمپنی بنانے کے لیے ادارے کے اقدار کو ہر وقت ملحوظِ خاطر رکھیں۔قبل ازیں، ایمپلائز ریلیشنز پی ٹی سی ایل کے مشیر، جمیل افضل باجوہ نے نو منتخب سی بی اے کو خوش آمدید کہا اور پی ٹی سی ایل کی ترقی میں یونین اور ملازمین کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم آہنگی پائیدار کاروباری ترقی کی ضامن ہے۔ نو منتخب سی بی اے جنرل سیکریٹری حافظ لطف اللہ نے شاندار پذیرائی پر پی ٹی سی ایل کا شکریہ ادا کیا اور پی ٹی سی ایل کی ترقی اور بڑھوتری کے سفر میں ملازمین کی بھرپور جدوجہد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔