ایبٹ آباد (مانند نیوز)دماغی صحت کے عالمی دن پر ایوب میڈیکل کمپلیکس کی شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کنڑی ہیڈ ڈاکٹر مہیم پال مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پرڈین ایوب میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق،سربراہ شعبہ نفسیات ایوب میڈیکل کمپلیکس پروفسیر ڈاکٹر آفتاب عالم،پروفیسر ڈاکٹر واجد علی اخوانزادہ سربراہ پاکستان سائیکاٹری سوسائٹی،سکندر زمان،پروفیسر ہارون الرشید،سابق صدر ایبٹ آباد پریس کلب سینئر صحافی سردار نوید عالم،ڈاکٹر میمونہ نے خطاب کیا۔سیمینار میں سکولز کے اساتذہ،مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز میڈیکل کے طلبہ وطالبات شریک تھے۔سربراہ شعبہ نفسیات پروفیسر ڈاکٹر آفتاب عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ دماغی صحت کا عالمی دن ہر سال دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد بڑھتے ہوئے مریضوں کو فوری علاج کے لئیے شعور کی آگاہی فراہم کرنا ہے۔ایوب میڈیکل کمپلیکس میں شعبہ نفسیات میں دماغی امراض میں مبتلا افراد کا اسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری سے علاج کیاجاتا ہے۔ہزارہ ریجن کی 60 سے 70لاکھ کی آبادی میں 10فیصد لوگ دماغی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔دماغی صحت میں منشیات کے عادی افراد کے لئے ہزارہ بھر میں کوئی ترک منشیات سنٹر موجود نہیں ہے۔جس کے قیام کے لئے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں کوششیں جاری ہیں۔سیمینار میں ملٹی میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں 1985 میں شعبہ نفسیات کا وارڈ بنایا گیا جس کو 1998میں فعال کیا گیا۔ہسپتال کی اوپ ڈی میں تین روز دماغی صحت کے مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔طلبہ کے لئے مارچ 2019میں سٹوڈنٹس کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا۔اور بچوں میں آٹزم بڑھنے پر اکتوبر 2021میں سنٹر بنایا گیا۔مقررین کا کہناتھا دماغی امراض کو پاگل پن سے جوڑنا غلط رحجان ہے۔مرض میں مبتلا افراد علاج میں عار محسوس نہ کریں۔سیمینار میں میڈیکل کے چوتھے سال کے طالبعلم معز نے طلباء کی سطح پر زہنی دباؤ کو کم کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔اور ڈاکٹر میمونہ نے پاکستان اور دنیا بھر میں ذہنی صحت کے امراض میں مبتلا افراد کا اعدادو شمار سے آگاہ کیا۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق آبادی میں 8فیصد افراد دماغی صحت کے امراض میں مبتلا ہیں۔پاکستان میں شعبہ نفسیات میں 5ہزار ڈاکٹرز ہیں جو مریضوں کی تعداد کے برعکس ناکافی ہیں۔سیمینار میں حکومتی سطح پر صحت کے شعبہ میں بجٹ بڑھانے پر زور دیا گیا.سیمینار میں اسسٹنٹ پروفیسرشعبہ نفسیات ڈاکٹر طاہر حسین شاہ،پاک آسٹریا یونیورسٹی سائیکالوجی کی سربراہ ڈاکٹر نورین اختر،پرنسپل روٹس ملینیم فرحانہ تاج،ڈاکٹر طاہر جاوید پرنسپل گورنمنٹ سکول،قاری امجد حسین نے پینل مباحثہ میں دماغی صحت کے نوجوانوں پر اثرات پر تفصیلی گفتگو کی۔جس میں شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے گئے۔سیمینار کے اختتام پر مقررین کو شعبہ نفسیات کی جانب سے سوینئر بھی دیئے گئے۔اور پینل ڈسکشن کے شرکاء اور سیمینار آرگنائزر کو توصیفی سرٹیفیکیٹ دیئے گئے۔ایبٹ آباد،دماغی صحت کے عالمی دن پر کنڑی ہیڈ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر مہیم پال،ڈاکٹر عمر فاروق،ڈاکٹر آفتاب عالم ودیگر سیمینار سے خطاب کر رہے ہیں