پبی (مانند نیوز ) نوشہرہ پولیس کا پْر خطر حالات سے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کیساتھ نبر ازما ہو نے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ جلوزئی پبی کیمپس اور سب جیل نوشہرہ میں فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسر نو شہرہ ناصر محمود کے خصوصی احکامات پر کسی بھی ناخوشگوار وقوعہ ہونے کی صورت میں اْس کا کم وقت میں مضبوط اعصاب کیساتھ مقابلہ کرنے کیلئے فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے۔شفیع اللہ خان ایس ڈی پی او پبی اور اسماعیل شاہ خان ایس ڈی پی اوکینٹ کی سربراہی میں سرتاج خان ایس ایچ او جلوزئی، انور خان ایس ایچ او کینٹ، RRF اور مقامی پولیس کی ٹیموں نے فرضی مشقوں میں حصہ لیا۔فرضی مشقوں میں خطرے والے مقام تک جلد از جلد پہنچنے اور یرغمال عملے کو بازیاب کراکر کلئیر کرانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔فرضی مشقوں کے انعقاد کے حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ناصر محمود نے کہا کہ فرضی مشقوں کے انعقاد کا مقصد مزاحمت کاروں کو زیر کرنے کے تدابیر کیساتھ ساتھ کسی بھی نا خوشگوار وقوعہ رونما ہونے کی صورت میں بہتر طریقے سے عوام کی حفاظت کرنا اور دْشمن کے ارادوں کو ناکام بنانا ہے۔ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر عوام کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے اور سرکاری و نجی املاک کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔نوشہرہ پولیس کے جوان کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔