ہنگو(مانند نیوز) اورکزئی ضلع میں جرگوں کے انعقاد پر پابندی کے متعلق پروپیگنڈہ بے بنیاد اور گمراہ کن ہے،محکمہ داخلہ کی طرف سے تمام اضلاع میں جلسوں،جلوسوں اور سیاسی و مذہبی اجتماعات کے لیے متعلقہ انتظامیہ سے اجازت لینے کے احکامات جاری ہیں،ان احکامات کا مقصد سیکورٹی انتظامات کر کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے،ضلعی انتظامیہ اور پولیس قبائلی روایات اور رواج سے باخبر اور ان کا احترام کرتی ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع اورکزئی صلاح الدین کنڈی کی طرف سے جاری مشترکہ پریس ریلیز میں کیا گیا ہے۔پریس ریلیز میں ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد طیب عبداللہ اور ڈی پی او اورکزئی صلاح الدین کنڈی نے واضح کیا ہے کہ قبائلی ضلع اورکزئی میں بعض شرپسند پروپیگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں کہ اورکزئی کی انتظامیہ حجروں،محلوں اور مساجد میں جرگوں کے انعقاد پر پابندی لگا رہی ہے۔یہ پروپیگنڈہ شر انگیز اور اورکزئی کے عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔اورکزئی انتظامیہ ایسے پروپیگنڈے کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔اور وہ واضح کرتی ہے کہ سیاسی،مزہبی اجتماعات اور جلسوں،جلوسوں کے انعقاد سے پہلے انتظامیہ سے اجازت لینے کے احکامات صوبائی محکمہ داخلہ نے دیے ہیں جن کا مقصد ان ایونٹس کے لیے سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔مشترکہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اورکزئی انتظامیہ قبائلی دستور،رسم و رواج اور قبائلی روایات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور وہ ان کا مکمل احترام کرتی ہے۔