پشاور(مانند نیوز )ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفیسر ضیاالرحیم نے کہا ہے کہ ووٹ کی اہمیت کے بارے میں عوام اور خصوصا خواتین میں شعوراجاگر کرنا اور عوام کو اس اہم جمہوری اور قومی ذمہ داری سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ حق رائے دہی استعمال کرنے کے اس جمہوری عمل میں اپنی بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں اور ملک و قوم کے لئے صحیح قیادت کے چناو میں اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ووٹ کی اہمیت اور ووٹ کے استعمال‘‘ کے حوالے سے مردان غیر سرکاری تنظیم سی پی ڈی آئی کے تعاون سے سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ضلع مردان کے مختلف یونین کونسلوں کے خواتین سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،پروگرام سے ای سی پی او شہنیلا اور سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے محمد عارف نے بھی خطاب کی،مقررین نے کہاکہ جمہوری نظام کی مضبوطی میں ووٹ بنیادی اہمیت کاحامل ہے، جمہوری نظام کی مضبوطی میں رائے دہندگان کی اہمیت ایک مسلمہ حقیقت ہے اور ووٹ کی طاقت کے استعمال کے زریعے عوام اپنے اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں۔ پاکستان کے ہر شہری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق حاصل ہے، آئین پاکستان عوام کو حق رائے دہی کے استعمال کے زریعے سے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کی طاقت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابی عمل میں نوجوان اور خواتین کا کردار سب سے اہم ہے اور وہ ووٹ کے ذریعے اپنے حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفیسر ضیاالرحیم نے عوام الناس خصوصا خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ آنے والے انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اپنے حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن الیکشن میں ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر آنیوالی حاملہ خواتین، خواجہ سرا، معذور افراد اور بزرگوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ وہ پرسکون انداز میں جلد اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔ ضیاالرحیم نے کہا کہ ووٹ کااندراج اور حق رائے دہی کا استعمال قومی فریضہ ہے۔بدقسمتی سے لا علمی کے باعث خواتین کیووٹ کے اندراج کی شرح بہت کم ہے۔سول سوسائٹی اور سماجی تنظیمیں ووٹ کے اندراج اور حق رائے دہی کے استعمال بارے اہمیت کے لئے آگاہی کمپین کو فروغ دیں۔ خواتین بلا خوف اور بااختیار اپنا ووٹ کا حق استعمال کرسکتی ہیں۔ خواتین میں ووٹ کے اندراج کے لیے شعور و آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے ووٹ قومی امانت ہے جو صرف اہل افراد کے حوالے کی جانی چاہیے۔ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائے خاص طور پر خواتین ووٹر ٹرن آوٹ بہت کم ہے خواتین اگر اپنے حق رائے دہی کا استعمال نہیں کریں گی صاف شفاف جمہوریت کا حصول ناممکن ہے۔