کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرحان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہریار قمر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر،ڈسٹرکٹ خطیب مفتی شفیع اللہ اور محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور انسداد پولیو مہم کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کوہاٹ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کوہاٹ سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔