اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے پاکستان کیلئے 18 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کی جانب سے فراہم کردہ رقم پنجاب میں پانی کی فراہمی،سالڈویسٹ مینجمنٹ سروسزپرخرچ کی جائے گی۔اے ڈی بی اعلامیہ کے مطابق منصوبے سے پندرہ لاکھ لوگوں کو مستفید ہونے کی توقع ہے ڈیولپنگ ریزیلینٹ انوائرمنٹس اور ایڈوانسنگ میونسپل سروسز ان پنجاب پروجیکٹ راولپنڈی میں شہری پانی کی فراہمی اور بہاولپور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو وسعت اور جدید بنا کر زیر زمین پانی کے ضرورت سے زیادہ اخراج اور شہری ماحول کی تباہی کو کم کرے گا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی زوکوف کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ان دو شہروں میں میونسپل سروسز کو زیادہ پائیدار، لچکدار، اور کم کاربن سے محفوظ بنانے میں مدد کرے گا۔خیال رہے کہ پاکستان کو مجموعی طور پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک سے 2ارب ڈالر ملنے کا امکان ہے، جس کے بعد رواں سال کے آخرتک ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر 9ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اے ڈی بی سے 250ملین ڈالرز اور ور لڈ بینک سے 350ملین ڈالرز ملیں گے، جب کہ آئی ڈی اے سے بھی 350ملین ڈالرز ملیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اورآئی ڈی اے کے بورڈ اجلاس دسمبر میں متوقع ہیں، 9ارب ڈالرز کے زرِمبادلہ کے ذخائر 2 ماہ کی درآمد کے برابر ہیں۔