ملاکنڈ (مانند نیوز)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کی زیرصدارت بنیادی مرکز صحت بمبوریت لوئر چترال میں بسنے والے لوگوں کے مسائل و مشکلات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد ہوا۔کھلی کچہری میں عمائدین علاقہ اورعوام نے علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں کمشنر ملاکنڈ کو تفصیل سے اگاہ کیا جس میں چیدہ چیدہ مسائل پیدل پلوں، زنانہ سکولوں، ایون بمبوریت روڈاور صحت کے حوالے سے تھے۔کمشنر نے کھلی کچہری میں پیش کئے گئے عوامی مسائل کو غور سے سننے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے تمام مسائل و مشکلات کو من وعن حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔انہوں نے بعض مسائل کو موقع پر حل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان کوہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کہا کہ بمبوریت وادی خوبصورتی،ثقافت اور روایات کی وجہ سے دنیا میں ایک الگ مقام رکھتی ہے جوکہ علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بنیادی کردارادا کرتی ہے۔ثاقب رضا اسلم نے کہا کہ وادی بمبوریت سیاحت کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا یہاں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائینگے۔کمشنر نے کہا کہ ایون کیلاش ویلی روڈز پر تعمیراتی کا م معیار کے مطابق مکمل کریں گے اور اس سلسلے میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کام کی مسلسل نگرانی کریں۔اس موقع پر کمشنر نے متعلقہ اداروں کے سربراہان کو سست روی کی شکار سکیموں اور ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی۔کمشنر نے کہا کہ کیلاش روڈ کی تعمیر میں تیزی لانے اور ملبہ ایون نالے سے نکال کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کے سلسلے میں بہت جلدچیئرمین این ایچ اے سے میٹنگ کریں گے۔انہوں نے سکولز اور ہوٹلز کی سیکیورٹی فل پروف بنانے کی بھی ہدایت کی اور ایسے ہوٹلوں کو سیل کرنے کے احکامات دیے جن کے پاس سیورج کا نظام ناقص ہے۔کمشنر کا کہنا تھا کہ کیلاش ویلیز سیاحتی مقامات میں سے ہیں ان کی صفائی و خوبصورتی اور قدیم کلچر کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے پویس کو بھی ہدایت کی کہ وہ اوباش قسم کے سیاحوں کو ویلی میں آنے کی اجازت نہ دے جو یہاں آکر مقامی تہذیب و ثقافت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر لو ئر چترال محمد عمران خان،ڈی پی او لوئر چترال قمر حیات اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ انور اکبر خان کے علاوہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری کے انعقاد پر کیلاش ویلی میں بسنے والے لوگوں کے مسائل ومشکلات میں گہری دلچسپی لینے پر علاقے کے لوگوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا شکریہ ادا کیا۔