پشاور(مانند نیوز) محکمہ خوراک نے گودام پر چھاپے کے دوران 13سو کلو مضر صحت قیمہ اور ہزاروں کی تعداد میں سیخ کباب برآمد کر کے ملزم کو جیل بھیج دیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور کمال احمد نے رنگ روڈ پر میاں سی این جی سٹیشن کے قریب گودام پر چھاپہ مارا جہاں پر مردہ مرغیوں کی ہڈیوں اور جانوروں کی آلائشوں سے قیمہ تیار کیا جا رہا تھا جس سے ہزاروں کی تعداد میں سیخ کباب بھی تیار کئے گئے تھے جس کو ٹیسٹ کرنے کیلئے لیبارٹری ارسال کیا گیا گزشتہ روز لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کا رپورٹ حاصل کیا گیا جس کے مطابق قیمہ اور سیخ کباب مضر صحت پائے گئے۔ واضح رہے کہ مذکورہ گودام میں تیار شدہ مضر صحت قیمہ اور سیخ کباب کو شادی ہالز اور شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس میں مہنگے داموں سپلائی کیا جاتا ہے۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جن کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائیں اور کسی کیساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے۔