پشاور(مانند نیوز )غربت بھی علم کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکی،گورنمنٹ مڈل سکول بغدادہ مردان کے یتیم طالب علم محمد مصطفیٰ نے سرکاری اسکولوں کے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں اردو خوش نویسی میں ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔غیر سرکاری تنظیم زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چیئرمین محمد پرویزنے یتیم طالب علم محمد مصطفیٰ کے لیے ایوارڈ کا اعلان کردیا۔ اپنی ایک بیان میں زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چیئرمین محمد پرویزنے کہا کہ طالب علم محمد مصطفیٰ کو ایوارڈ کیساتھ ونٹر سیزن پیکج اور سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جائے گا یہ تقریب رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہوگی، محمد پرویز نے کہا کہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی ضلع مردان میں واحد اور منفرد ادارہ ہے جومختلف صاحب حیثیت افراد کے تعاون سے بنیادی سہولیات یتیم و لاچار بچوں کو گھروں پر فراہم کر رہا ہے ہمارا ادارہ یتیم و لاچار بچوں کو سالانہ بنیاد پر جو سہولیات فراہم کر رہا ہے اُن میں دیگر سہولیات کے علاوہ ونٹر سیزن پیکج فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود میں حصہ لینے سے طلبہ کا رجحان مثبت سرگرمیوں کی طرف بڑھتا ہے اور وہ منفی سرگرمیوں سے بچتے ہیں، انہوں نے کہا کہ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان علاقے میں دیگر فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سپورٹس کو بھی ترجیح دے رہی ہے اور اس سلسلے میں پرائمری سطح پر طلبہ کو کھیل کود کی طرف راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے۔