وانا (مانند نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی وزیرستان لوئر کے نومنتخب صدر مولانا عمر وزیر نے وانا کے مختلف سکولوں کے سٹوڈنٹس میں موسم سرما کی گرم سویٹزر تقسیم کیے۔ الخدمت فاؤنڈیشن جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مولانا عمر وزیر نے کہا کہ خدمات کی اس قوسِ قزح سے ملک بھر میں ہر سال لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کو پاکستان میں خدمت خلق کی ایک نمایاں تنظیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ خدمتِ انسانی کے مقدس مشن میں مصروفِ عمل الخدمت فاؤنڈیشن اپنی ایک قابل فخر تاریخ رکھتی ہے۔ صدر مولانا عمر وزیر نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ملک بھر میں پھیلے ہزاروں بے لوث رضا کار ہیں جو صرف رضائے الٰہی کے حصول کی خاطر بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں آپ جیسے دردِ دل رکھنے والوں کا تعاون بھی حاصل ہے۔ جو اپنے بہن بھائیوں کی تکالیف کو محسوس کرتے ہوئے کسی بھی نا گہانی آفت یا ضرورت کے وقت امدادی سامان اور رقوم ارسال کرتے ہیں۔ صدر مولانا عمر وزیر نے کہا کہ جو قومیں تعلیم کی زیور سے آراستہ ہوتی ہیں وہی ترقی کے نئے اہداف سر کرتی ہیں۔الخدمت کے شعبہ تعلیم کے تحت تعلیمی وظائف کے ساتھ ساتھ غریب و نادارطلبہ میں اسٹیشنری، اسکول بیگ اور یونیفارم کی تقسیم کی جا رہی ہے۔ جبکہ الخدمت ہاسٹلز اور تعمیرِ ملت اسکولز حصولِ علم میں آسانیاں پیدا کرتے ہوئے معاشرے میں نئی تعلیمی روایات پیدا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی لوئر وزیرستان اسداللہ بھیر، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی سیف الرحمن وزیر، یوتھ صدر ممتاز خلیل و دیگر بھی موجود تھے۔