پشاور(مانند نیوز) آئی جی خیبر پختونخواہ اختر حیات خان کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے فینسی نمبر پلیٹ, غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور کالے شیشوں کے استعمال پر گزشتہ ہفتے 17800 افراد پر جرمانے عائد کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی سربراہی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور کالے شیشوں کا استعمال کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں کیں جس کے تحت فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر2800, کالے شیشے استعمال کرنے پر 6000، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چلانے پر 9000 افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور گاڑیوں سے کالے شیشے اور فینسی نمبر پلیٹ اتارے اور خلاف ورزی کرنیوالوں پر جرمانے عائد کر دئیے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالے شیشوں کے استعمال اور بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد ہے جس کے خلاف سٹی ٹریفک پولیس پشاور الرٹ ہے اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی کیونکہ قانون ہر خاص و عام کیلئے یکساں ہے جس سے کوئی مبرا نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔