وانا (مانند نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے سینئر رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی عمران مخلص وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام میں یکساں مقبول ہے ، انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنی حالت بدلنے کا سیاسی شعور اور طاقت نہیں رکھتی ، خدا بھی اسکی مدد نہیں کرتا، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہو جائے،انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 فروری کو الیکشن کے دن انگوٹھے کی طاقت بڑی طاقت ہے، عوام ووٹ کی پرچی پر جس امیدوار پر انگوٹھے کانشان لگائے گی وہی امیدوار کامیاب ہوگا، عوام کا فیصلہ سب کو قبول ہوگا، ہم صاف الیکشن چاہتے ہیں نہ ہی سلیکشن ، ہم انشاء اللہ ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئینگے، انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ایشیاء کے عظیم لیڈر تھے، پاکستان کے عوام کی خاطر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی کے پھندا قبول کر لیا ، لیکن کسی ڈکٹیٹر کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ دختر مشرق بینظیر بھٹو شہید نے بھی جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جان قربان کر دی، انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوگا، پاکستان و آزاد کشمیر کے محکوم عوام آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی طاقت اور نجات کا ذریعہ سمجھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت پر یقین رکھا اور جمہوریت کی کامیابی کیلئے قربانیاں دی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کسی سیاسی جماعت کی اتنی قربانیاں نہیں ہیں ، جتنی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان آئینی ، پارلیمانی اقدار اور جمہوری اصولوں کی امین اور محافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام پر مظالم کیخلاف عوام کا ساتھ دیا ہے، اور عوام کو اُنکی اصل طاقت کا احساس دلایا جائے ۔