پشاور(مانند نیوز) محکمہ خوراک نے کارروائی جی ٹی روڈ پر دو مردہ گائیں قبضے میں لیکر ملزم کو 30 دن کیلئے جیل بھیج دیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور کمال احمد نے جی ٹی روڈ پر فروٹ منڈی کے مقام پر کارروائی کی جہاں پر گاڑی میں دو مردہ گائیں پائی گئیں جس کو مرنے کے بعد ذبح کیا گیا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے مالک گرفتار کر لیا جبکہ محکمہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اور فوڈ اتھارٹی کے حکام نے معائنہ کرتے ہوئے گائیں کے گوشت کو مضر صحت قرار دیدیا جس پر ملزم کو 30 دن کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ مردہ گائیں کے گوشت کو ہوٹلز اور دیگر فوڈ پوائنٹس پر منتقل کیا جا رہا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ خوراک کی جانب سے کھلی کچہری میں شکایات سامنے آئی تھیں کہ گوشت کا معیار ٹھیک نہیں ہے جبکہ نرخ بھی بڑھ گئے ہیں جس کے تناظر میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشاور بھر میں تمام تحصیلوں میں محکمہ خوراک کے حکام کو الرٹ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی سپلائی چین کو منقطع کیا جائے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور غیر معیاری اشیاء کی خرید و فروخت اور گرانفروشی میں ملوث افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔