تیمرگرہ(نمائندہ مانند )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے این اے 6دیرپائن کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔تیمرہ گرہ میں کاغذات جمع کرانے کے موقع پر مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ قومی انتخابات شفاف،غیرجانبدارانہ ہوں اور الیکشن مہم میں دولت کی ریل پیل اور نمائش کا خاتمہ ممکن بنایا جائے۔ الیکشن ضابطہ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، قوم انتخابات میں بیرونی عناصر، اداروں کی مداخلت کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ الیکشن سے قبل ہی ان کی شفافیت پر سوال اٹھ گیاتو ملک مزید سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہو گا۔ الیکشن کمشنر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حلف کی پاسداری کرے تاکہ قوم کا اعتماد بحال ہو۔ جماعت اسلامی کا عوام سے وعدہ ہے کہ وہ اقتدار میں آکر ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر ان کے ہمراہ نائب امیر مولانا اسماعیل، ضلعی امیر اعزازالملک افکاری، صاحبزادہ یعقوب، شاہ نوازخان، سعیدگل اور قومی رہنما قاضی عزیزالحق عثمانی، مقامی عمائدین اور سپورٹرز کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی۔