پشاور(مانند نیوز) غیر سرکاری تنظیم سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے محمد عارف نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی قوم اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کرے گی صاف شفاف جمہوریت کا حصول ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں تحصیل تخت بھائی میں آئی آر ایس پی کے تعاون سے ووٹ کی اہمیت کے بارے میں بریفینگ دیتے ہو ئے کیا،انہوں نے کہا کہ خواتین،افراد باہم معذوری، خواجہ سرا کمیونٹی اور اقلیتوں کو بھی چاہیے کہ بطور ذمہ دار ہر پاکستانی شہری اپنے ووٹ کا حق استعمال کرائیں۔ ووٹ ایک قومی امانت ہے، ووٹ دینے والا اس شخص کے متعلق جس کو وہ اپنا قیمتی ووٹ دے رہا ہے اس بات کی شہادت اور گواہی دیتا ہے کہ یہ شخص اس عہدے کے لیے ہر طرح لائق ہے اور اس میں اس منصب کی قابلیت موجود ہے۔ یاد رہے ووٹ قومی فریضہ کے ساتھ مذہبی ذمہ داری بھی ہے ووٹ کے لازمی اور درست استعمال سے قومی سیاست سے کرپشن اور لاقانونیت کا بھی خاتمہ ہو گا،ووٹ ایک قومی فریضہ ہے اور اپنے ووٹ کی طاقت اور افادیت سے تمام لوگوں کو بخوبی آگاہ ہونا چاہیے تاکہ وہ جمہوری حکومت کی تخلیق میں اپنا کردار ادا کر سکیں