پشاور(مانند نیوز) تدریسی ہسپتال باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی نے سال 2023میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات پر مبنی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال مجموعی طور پر ہسپتال میں 5لاکھ 42ہزار6سو37مریضوں کا علاج کیا گیا جس میں 3لاکھ 31ہزار312مریضوں نے اوپی ڈی سے رجوع کیا جبکہ 2لاکھ 11ہزار325مریضوں کو ایمرجنسی میں علاج کی سہولت دی گئی۔ اسی طرح 6لاکھ 60ہزار505مختلف اقسام کے ٹیسٹ کئے گئے، 12ہزار142ڈائلاسزجبکہ 6ہزار908 مختلف اقسام کی سرجریز کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 68ہزار 320ایکسرے،22 ہزار188 الٹراساونڈ،37ہزار 499ای سی جی،11ہزار 417سی ٹی اسکین اور1029اینڈوسکوپی کئے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق سال 2023میں ہسپتال میں 12ہزار509بچوں کی پیدائش ہوئی۔ گزشتہ سال ہسپتال میں مجموعی طور پر 37ہزار545مریضوں کو داخل کرایا گیا۔ہسپتال ترجمان کے مطابق مریضوں کو علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سال 2023میں کئی اچھے اقدامات بھی کئے گئے۔ ہسپتال میں ٹی بی تشخیصی سینٹر قائم کیا گیا جہاں نا صرف مرض کی تشخیص ہوتی ہے بلکہ علاج بھی بلکل مفت فراہم کیا جاتا ہے، اسی طرح عوام کی سہولت کے لئے ہسپتال میں انفیکشیس ڈیزیز کی او پی ڈی بھی کھول دی۔ ہسپتال میں ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے علاج کے لئے فیملی کئیر سینٹر قائم کیا گیا جہاں سے مریض اب مستفید ہورہے ہیں اسی طرح ہسپتال میں نئے سرجیکل، آئیسولیشن ا ور آئی بی پی وارڈز کھول دئے گئے ہیں، نئی ایمرجنسی بھی مکمل طور پر سرجیکل اینڈمیڈیکل ایمرجنسی کے لئے فعال کی گئی جبکہ نئے اپریشن تھیٹر اور سرجیکل آئی سی یو بہت جلد کھول دئے جائیں گے۔سال 2023میں مریضوں کا وقت بچانے کے لئے ہسپتال میں پیشنٹ رجسٹریشن جبکہ ایک مریض ایک تیماردار کی پالیسی پر عمل درامد کے لئے آئی سی یو اٹینڈنٹ کارڈ بھی متعارف کرایا۔سال 2023میں ہسپتال میں ویکسینیشن کی سہولت بھی جاری رہی اور مجموعی طور پر 1670 لوگوں کی ویکسنیشن کی گئی، ہسپتال میں ادارہ جاری پریکٹس بھی کامیابی سے جاری رہی جہاں 19ہزار سے زائد مریضوں نے رجوع کیا۔