اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایات پر کارروائی کا سامنا کرنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس مظاہر نقوی کا استعفی وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 179کے تحت منظور کیا۔گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس مظاہر اکبر علی نقوی عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، جسٹس مظاہر علی نقوی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوایا تھا۔جسٹس مظاہر نے اپنے استعفے میں موقف اختیار کیا تھا کہ میرے لئے پہلے لاہور ہائی کورٹ اور پھر سپریم کورٹ کے جج کے فرائض انجام دینا قابل فخرہے، ایسے حالات جن کا عوام کو علم ہے اور کچھ حد تک ریکارڈ پر موجود ہیں، میرے لئے ممکن نہیں کہ میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر فرائض نبھاتا رہوں، قانونی کارروائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ایسا ہی کرنا چاہیے لہذا میں بطور سپریم کورٹ کے جج مستعفی ہوتا ہوں۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیرِ سماعت ہے جس میں ان پر اثاثوں سے متعلق الزامات تھے جب کہ ان کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی، جسٹس مظاہر نے گزشتہ روز اسی سلسلے میں کونسل کو اپنا تفصیلی جواب جمع کرایا تھا۔